طوفانی بارشیں اور برفباری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 29 دسمبر سے 2 جنوری تک مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے اثرات ملک کے مختلف حصوں میں محسوس ہوں گے
اس دوران کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ موجود ہے۔
شہر لاہور میں موسم سرد اور خنک رہا، درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی 91 فیصد ہے۔ ہلکی ہوا چل رہی ہے اور سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک میں پانچویں نمبر پر ہے، جہاں مجموعی فضائی آلودگی کی شرح 202 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہا، مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ صبح کا درجہ حرارت 7 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دن بھر ہوائیں 6 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور ہوا میں نمی 60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں، لیکن 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران بارش متوقع ہے۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا، مطلع صاف ہے اور دن بھر خشک رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ 26 سے 28 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی 55 فیصد ہے۔ 30 دسمبر کو شہر میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 179 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
سوات میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد سیاح چیئر لفٹ، سنو فال اور قدرتی حسن دیکھنے کے لیے مالم جبہ کا رخ کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متوقع خراب موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ 29 دسمبر سے یکم جنوری تک مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور چمن میں شدید برفباری، جبکہ میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 دسمبر سے 2 جنوری مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلیاں آئیں گی۔ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ کراچی میں 30 دسمبر کو موسمِ سرما کی پہلی بارش متوقع ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اور کسانوں کو اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کے مطابق ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
What's Your Reaction?
Like
0
Dislike
0
Love
0
Funny
0
Angry
0
Sad
0
Wow
0